گاڑی کی ونڈ سکرین پر جمی برف سے نجات کے آسان طریقے

گاڑی کی ونڈ سکرین پر جمی برف سے نجات کے آسان طریقے

برف باری کے موسم میں گاڑی کی ونڈ سکرین پر جمی ہوئی کہر یا برف کو صاف کرنا ایک چیلنج ہوتا ہے تاہم اب ماہرین نے اس کو آسانی سے صاف کرنے کے حربے بتا دیئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ ایسی گھریلو اشیاء سے نہ صرف اس کہر کو گاڑی کی ونڈسکرین پر جمنے سے روکا جا سکتا ہے بلکہ جمی ہوئی کہر کو با آسانی سے اتارا بھی جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین نے سب سے پہلے تولیے کو استعمال کرنے کی تجویزدی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کو سونے سے پہلے گاڑی کی ونڈ سکرین کو تولیے سے ڈھانپ دیں۔ اس طرح صبح اٹھ کر آپ کو سکرین صاف کرنے کی تکلیف سے دوچار ہی نہیں ہونا پڑے گا کیونکہ تولیے کی وجہ سے اس پر کہر جمے گی ہی نہیں۔ تاہم اگر آپ نے تولیہ نہیں ڈالا اور سکرین پر کہر جم چکی ہے تو اسے اتارنے کے لیے پلاسٹک بیگ میں گرم پانی ڈال کر سکرین پر پھیریئے۔ اس طریقے سے جمی ہوئی سکرین پانی بنتی جائے گی جسے آسانی سے کپڑے وغیرہ کے ساتھ صاف کیا جا سکتا ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ سرکے اور پانی کا آمیزہ بھی سکرین پر جمی برف کی اس تہہ کو ہٹانے کے لیے بہترین چیز ہے۔ تین حصے سرکے میں ایک حصہ پانی ملا کر اسے سپرے بوتل میں ڈال کر سکرین پر چھڑکاﺅ کریں اور پھر نرم کپڑے سے سکرین کو صاف کر دیں۔ ماہرین نے بتایا کہ ونڈ سکرین کی اندرونی طرف بھی ایک کہر سی جم جاتی ہے۔ اس سے چھٹکارے کے لیے آپ کو گاڑی میں کوئی ایسی چیز رکھی چاہیے جو نمی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ اگر آپ نے بلی پال رکھی ہے اور اس کے لیے ’کیٹ لٹر‘ (Cat litter)لاتے ہیں، تو اسے بھی رات کے وقت گاڑی میں رکھ کر آپ سکرین کی اندرونی طرف آنے والی نمی سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔