کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے عوام بے حال

کراچی اور سندھ سمیت ملک بھر کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور آئندہ چند روز تک ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔کراچی سمیت صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے میدانی علاقے گزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دن مزید شدید گرمی پڑنے کا عندیا دے دیا ہے۔دوسری جانب شہر قائد میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔لانڈھی، کورنگی، ملیر، پی ای سی ایچ ایس، گلشن معمار، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نیو کراچی، فیڈرل بھی ایریا، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور 4 سے 10 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے اور بجلی کمپنی کے سوشل میڈیا پیج پر اپنی بھڑاس نکالتے نظر آئے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، موجودہ صورتحال کے پیش نظر عارضی طور پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانا پڑ سکتا ہے، ممکنہ متاثرہ صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔