شیخ خلیفہ بن زاید النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے، آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے۔تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری نے متعدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا، ان کا کہنا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے۔انہوں نے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت صدر شیخ خلیفہ زاید کے انتقال پر غمزدہ ہے، آصف علی زرداری نے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے صدر اور ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کرگئے ہیں۔اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور کی جانب سے ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال پر 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ وزارت کی جانب سے جاری اعلان میں 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دوران متحدہ عرب امارات کے قومی پرچم بھی سرنگوں رہیں گے جب کہ یو اے ای کی تمام وزارتوں اور اداروں میں کام آج سے ہی روک دیا گیا ہے جبکہ وفاقی اور مقامی اداروں میں بھی کسی قسم کا کام نہیں کیا جائے گا۔