‘متحدہ عرب امارات کے صدر کی وفات کے بعد پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا’

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کی وفات کے بعد آج پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں ںے شاہی خاندان اور متحدہ عرب امارات کی عوام کے ساتھ بھی اظہارِ تعزیت کیا۔انہوں نے مرحوم کیلئے درجات کی بلندی کی دعا کی، صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کے غم میں برابر کی شریک ہے۔صدر مملکت نے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی امتِ مسلمہ اور پاک- یو اے ای دوستی کیلئے خدمات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے صدر اور ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کر گئے ہیں۔اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور کی جانب سے ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال پر 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ وزارت کی جانب سے جاری اعلان میں 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دوران متحدہ عرب امارات کے قومی پرچم بھی سرنگوں رہیں گے جب کہ یو اے ای کی تمام وزارتوں اور اداروں میں کام آج سے ہی روک دیا گیا ہے جبکہ وفاقی اور مقامی اداروں میں بھی کسی قسم کا کام نہیں کیا جائے گا۔