موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے، راجہ پرویز اشرف

راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی بھی موجود تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ملکی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے، آئین پاکستان کی سربلندی اور احترام ہر ادارے اور شخص پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے، ملک اور عوام کو درپیش مسائل کو ایوان میں زیر بحث لایا جا رہا ہے، تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کے لیے اپنی جماعت کے اراکین کے نام دینے کے لیے خطوط لکھے ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے اراکین کو اپنی رائے کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ملاقات میں سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فصل الرحمان نے راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔مولانا فصل الرحمان نے کہا کہ ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی اورغیر جانبدارانہ انداز میں چلانے پر اسپیکر کا کردار قابل ستائش ہے۔