انگلینڈ نے میتھیو موٹ کو وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا

انگلینڈ نے میتھیو موٹ کو وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا

انگلش کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز میتھیو موٹ کو انگلینڈ کی محدود اوورز کی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔آسٹریلیا کے 48 سالہ کھلاڑی میتھیو موٹ کو 4 سال کے لیے انگلینڈ کی محدود اوورز کی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے انہوں نے معاہدے پر بھی دستخط کردیے ہیں۔میتھیو موٹ اگلے ماہ ہالینڈ کے خلاف ہونے والے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں اپنے فرائض کا چارج سنبھالیں گے۔میتھیو موٹ کو انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر پال کولنگ ووڈ پر ترجیح دی گئی ہے، جو حالیہ دوروں میں عبوری ہیڈ کوچ رہنے کے بعد سے یہ ذمہ داری سنبھالنے کے لیے بنیادی دعویدار تھے.موٹ 2015 سے آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کے انچارج کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ان ہی کی رہنمائی میں رواں سال آسٹریلیا نے ورلڈ کپ اپنے نام کیا ہے۔انگلش مینز ٹیم کے مینجنگ ڈائریکٹر روب کی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت سے متنوع تجربات کے ساتھ ایک ناقابل یقین کوچنگ کے فرائض انجام دیے ہیں جبکہ ان کا انٹرویو بھی شاندار رہا جس کے باعث انہیں وائٹ بال ٹیم کے لیے فٹ قرار دیا گیا ہے۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم ایک ایسے ہیڈ کوچ کا تقرر کرنے میں کامیاب ہوئے جو پچھلے کچھ سالوں سے نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں شامل ہے بلکہ وہ دنیا بھر کی فرنچائز کرکٹ میں بھی کام کرتے رہے ہیں۔موٹ کی آمد انگلش کرکٹ میں تبدیلیوں میں سے ایک ہے جبکہ اس سے قبل بین اسٹوکس کو جو روٹ کی جگہ ٹیسٹ کپتان اور برینڈن میک کولم کو طویل ترین فارمیٹ کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ مجھے ایک کامیاب ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، خاص کر برینڈن میک کولم کے ساتھ کام کرنے کا یہ ایک ایسا موقع ہے جس کے لیے میں نہایت ہی پرجوش ہوں۔