ڈالر کی اونچی اڑان جاری، انٹربینک میں 200 روپے 50 پیسے کا ہوگیا

ڈالر کی اونچی اڑان جاری، انٹربینک میں 200 روپے 50 پیسے کا ہوگیا

انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اڑان تاحال جاری ہے اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی آرہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قدر میں مسلسل 11ویں روز بھی اضافہ جاری رہا اور آج کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا۔گزشتہ روز کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 200 تک جا پہنچا اور اختتام تک اس کی قدر 200 پر برقرار رہی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق آج کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں 40 پیسے اضافہ ہوا جس سے ڈالر 200 روپے 40 پیسے کا ہوگیا لیکن اس دوران ڈالر کی قدر میں مزید 10 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر 200 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا۔خیال رہے کہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے درآمدی بل، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔