بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ میں پاکستان کی صف اول میں نمائندگی کر رہے ہیں، شیری رحمان

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ میں پاکستان کی صف اول میں نمائندگی کر رہے ہیں۔شیری رحمان نے پی پی پی سینٹرل سیکریٹریٹ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان سے پرانا رشتہ ہے، یہ رشتہ ٹوٹ نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ کارکنان سے رابطے میں رہتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حب الوطنی کا زبردست مظاہرہ کیا ہے، میں نہیں سمجھتی اس طرح کی حب الوطنی کا کسی اور نے مظاہرہ کیا ہو گا، ان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا عکس نظر آرہا ہے۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے پاکستان کی ریاست کا دفاع کیا اور انہوں نے تقسیم کی سیاست نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کوئی ایسی بات نہیں کی جس پر کوئی پاکستان پر انگلی اٹھائے۔اس موقعے پر انچارج سینٹرل سیکریٹریٹ سید سبط الحیدر بخآری بھی موجود تھے۔