ہم تعلیم کے معیار کو بلند کررہے ہیں، اسماعیل راہو

اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ ہم تعلیم کے معیار کو بلند کررہے ہیں۔صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل کریں، زیادہ سے زیادہ اسکیمیں لیکر آئیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل ضرور ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے تعلیم کے معیار کی بہتری کے لیے ہمیشہ کوشش کی گئی، 13 برس میں پیپلز پارٹی نے 17 یونیورسٹیز قائم کی ہیں، ہمیشہ یونیورسٹیز کے لیے گرانٹ بڑھاتی رہی ہے۔اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے اعلان یہ کیا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنائیں گے، وہ یونیورسٹی تو نہیں بنی لیکن یونیورسٹیز کی گرانٹس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا کہ ہم تعلیم کے معیار کو بلند کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں یونیورسٹیز کے معاملات میں اساتذہ اور طلبا سے بھی مشاورت ہو، پام آئل کا پروجیکٹ ہم نے لگایا ہے، اس سال ہم ایک ہزار ایکٹر پر لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ غلامی کا انکشاف آپ پر کب ہوا، جب آپ ٹرمپ سے ملاقات کررہے تھے تب امریکہ سامراج تھا یہ آپ کو معلوم نہیں تھا؟ جب بائیڈن کے فون کا انتظار کررہے تھے اس وقت امریکہ کی غلامی نظر نہیں آئی؟اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام با شعور ہیں، سندھ کے لیے صرف ایک پروگرام بتا دیں جو آپ نے دیا ہے۔