سعودی عرب، بغیر اجازت حج کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اعلان

سعودی حکام نے بغیر اجازت حج کرنے والوں پربھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق حج سے متعلق پبلک سکیورٹی کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کوئی بھی شخص بغیر اجازت کے حج کی ادائیگی کی کوشش کرے گا تو اس پر دس ہزار سعودی ریال جرمانہ کیا جائے گا۔کسی بھی شخص کو حج کی ادائیگی کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت لینا ہوگی اور حج سے متعلق ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا۔ترجمان نے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار حج قوانین کی خلاف ورزی روکنے کے لیے پوائنٹس، مقدس مقامات اور مسجد الحرام میں اپنی ڈیوٹی درست طریقے سے انجام دیں۔ترجمان نے تمام شہریوں سے حج سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی۔دوسری جانب، سعودی عرب میں حج سے متعلق فراڈ پر 19 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔جن میں دو سعودی اور سترہ غیر ملکی شہری شامل ہیں۔علاوہ ازیں، سعودی حکام کا کہنا ہےکہ مذکورہ بالا افراد نے حج پر آنے والوں سے قربانی، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی مد میں فراڈ کیا جنہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔