بھارتی اداکار کو بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والا خانساماں گرفتار

بالی ووڈ اداکار جوڑے ماہی وِج اور جے بھانوشالی کو بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والے خانساماں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماہی وج اور جے بھانوشالی نے جمعرات کو پولیس میں شکایت درج کروائی جب ان کے خانساماں نے مبینہ طور پر انہیں اور ان کی دو سالہ بیٹی تارا کو قتل کرنے کی دھمکی دی ۔ماہی نے ٹوئٹر پر اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کافی ٹوئٹس کیں لیکن بعد میں اداکارہ نے انہیں ڈیلیٹ کردیا۔تاہم بعد ازاں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تین دن قبل ایک خانساماں رکھا لیکن ہمیں شک ہوا کہ وہ خرچے کے پیسے میں چوری کررہا تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ جے نے خانساماں سے خرچے کے بل کے حوالے سے حساب کرنا چاہا لیکن اس نے پورے مہینے کا خرچہ لینے کا مطالبہ کیا.
ماہی نے بتایا کہ جب جے نے اس کی وجہ پوچھی تو خانساماں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے گھر کے باہر 200 افراد کو لے آؤں گا۔انہوں نے بتایا کہ اس نے نشے میں دھت ہو کر ہمیں گالیاں دینا شروع کیں،جس کے بعد ہم پولیس کے پاس گئے۔اداکارہ نے بتایا کہ مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ مجھے کچھ ہو جائے لیکن میں اپنی بیٹی کے لیے خوفزدہ ہوں۔تاہم پولیس نے جوڑےکی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے خانساماں کو گرفتار کیا لیکن بعد میں اسے ضمانت پر رہا بھی کر دیا۔واضح رہے کہ ماہی اور جے دونوں بھارتی ٹیلی وژن کے مشہور اداکار ہیں، دونوں نے کچھ سال ساتھ رہنے کے بعد 2011 میں شادی کی جبکہ 2019 میں جوڑے کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی۔