ریلوے پھاٹک کراس کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی ٹرین کی زد میں آگئے

فیصل آباد میں روڑی بلوچاں ریلوے پھاٹک کراس کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی ٹرین کی زد میں آگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ٹرین تلے کچلے جانے کے باعث دونوں بہن بھائی موقع پر جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں 28 سالہ مبشر اور 20 سالہ کومل شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افسوسناک حادثہ جلد بازی سے پھاٹک کو کراس کرنے کے باعث پیش آیا، ریسکیو نے لاشیں ورثاء کے سپرد کر دی ہیں۔واضح رہے کہ دنیا بھرمیں ٹریفک حادثے انسانی جانوں کے لیے ایک بڑے خطرے کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ایک عالمی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں کا باعث بننے والے پچاس عوامل اور بیماریوں میں ٹریفک حادثات پندرہویں نمبر پر ہیں۔پاکستان میں ایڈز، ناقص خوراک، مرگی، تشدد کئی قسم کے سرطان اور خود کشیوں کی وجہ سے انفرادی طور پر ہونے والی اموات سے ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں، آٹو رکشا والوں اور موٹر کاروں اور وینز چلانے والوں کو پیش آئے اس کے بعد بسوں اور ٹرکوں کے حادثات رپورٹ ہوئے ہیں.