پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کو پھرچیلنچ کر دیا گیا

پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کو لاہورہائی کورٹ میں پھرچیلنچ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھا کر پیٹرولیم لیوی بھی لگا دیا گیا ہے۔وکیل درخواست گزار نے درخواست میں یہ مؤقف بھی اپنایا کہ عالمی سطح پر پیٹرول سستا ہو رہا ہے یہاں مسلسل مہنگا کیا جا رہا ہے۔درخواست میں عدالت سے کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے ہوشربا اضافے سے مہنگائی کا طوفان آچکا ہے۔ عام آدمی کی زنگی اجیرن ہو چکی ہے، حکومت ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ آئین کے آرٹیکل 9، 14، 16، 17 اور 37 کیخلاف ورزی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔درخواست میں یہ بھی عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت قیمتوں کے تعین کے لیے حکومتی میکنزم سے متعلق وضاحب طلب کرے۔