تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے جامعات آن لائن تدریس پر توجہ دیں، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے جامعات آن لائن تدریس پر توجہ دیں۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے حوالے سے اجلاس ہوا۔انہوں نے کہا کہ جامعات کو آن لائن ذریعہ تعلیم کی جانب منتقل کرنے کی ضرورت ہے ، جامعات یونیورسٹی ایڈوائزری بورڈز تشکیل دیں جبکہ انڈسٹری، زراعت اور خدمات کے شعبوں سے ماہرین کو بطور ممبران شامل بھی کریں۔صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ تیز رفتار ملکی ترقی کیلئے قلیل مدتی آن لائن اور ہائبرڈ کورسز کی مدد سے ہنر مند افرادی وسائل میں جلد اضافہ ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وژن کی فراہمی کیلئے جامعات کی سینیٹ کو فعال بنایا جائے ، ایڈوائزری بورڈز کے قیام سے جامعات کے نصاب میں مسلسل بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انڈسٹری اور جامعات میں روابط سے نجی شعبے کو مارکیٹ ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کیلئے تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پبلک سیکٹر جامعات کو نجی شعبے اور صنعت کے ساتھ مل کر مارکیٹ کی ضروریات پر مبنی تحقیق اور ترقی کو فروغ دینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ جامعات چیمبرز آف کامرس کے تعاون سے تیار کردہ مختصر مدتی ڈپلومہ پروگرام بھی شروع کریں۔صدر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تعلیمی ادارے تیزی سے فزیکل ایجوکیشن سے ہائبرڈ اور آن لائن ایجوکیشن کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی جامعات کو ترقی یافتہ ممالک کے آن لائن تعلیمی طریقوں کو اپنانا چاہیے، ہائر ایجوکیشن کمیشن اپنی آن لائن اور فاصلاتی تعلیمی پالیسی پر مسلسل نظرثانی کرے۔ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ ایچ ای سی جامعات کو آن لائن تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جبکہ طلباء اور فیکلٹی ممبران میں تنازعات،بے چینی اور تقسیم کی بنیادی وجوہات جاننے کیلئے جامعات اپنے نصاب اور تعلیمی نظام کا جامع جائزہ لیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ جامعات یقینی بنائیں کہ فیکلٹی اور طلباء پوری توجہ علم حاصل کرنے پر مرکوز رکھیں۔