ملک بھر میں پرائیویٹ اسکولز کل سے کھلیں گے

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے اعلان کیا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات میں کوئی توسیع نہیں کی گئی، کشمیرو گلگت بلتستان سمیت ملک بھر پرائیویٹ سکولز یکم اگست بروز پیر کو باقاعدہ طور پر کھلیں گے۔اس حوالے سے کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے صرف سیلاب زدہ علاقوں کو APPSF اسکولز دوبارہ کھولنے کی پالیسی سے مستثنیٰ ہے، جہاں اسکولز کی عمارتوں سمیت بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے یکم اگست سے آزاد جموں و کشمیر اور جی بی سمیت ملک بھر میں اسکولز کے اوقات کار جاری کر دیئے ہیں۔صدر کاشف مرزا کی منظوری سے جاری کردہ فیڈریشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ملک میں پرائیویٹ اسکولز اوقات پیر یکم اگست 2022 سے صبح 7:30بجے تا دوپہر 1:30 بجے تک ہونگے جبکہ موسم سرما کیلئے 15 اکتوبر سے اسکولز کے اوقات میں تبدیلی کی جائے گی۔اے پی پی ایس ایف کے صدر کاشف مرزا نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ایک ہفتہ دیکھ بھال اور صفائی مہم چلانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے کہا کہ ڈینگی وائرس اور لاروا کے خاتمے کیلئے بھرپور مہم چلانا اجتماعی ذمہ داری ہے، ڈینگی سے متعلق آگاہی پوسٹرز اور بینرز ساکولوں کے دروازوں پر ضرور لہرائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہ کلاس رومز، باتھ رومز، چھتوں، واٹر ٹینکوں، پانی کی گہرائیوں کی صفائی اور مرمت کے کام کو یقینی بنائیں۔