کراچی میں صبح سویرے ہلکی بارش، موسم خوشگوار

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی ہلکی بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج پورے دن ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے البتہ آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں 10 اگست تک شہر میں تیز بارش کا امکان نہیں ہے البتہ 10 اگست سے مون سون کا چوتھا اسپیل شہرمیں بارش برسائے گا۔
دوسری جانب شہر کراچی میں جولائی میں ہونے والی بارشوں کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے ہیں۔
محکمہ موسیات کے مطابق شہر قائد میں صرف ایک ماہ میں مون سون کے تین اسپیل کے دوران ریکارڈ بریکنگ بارشیں ہوئی ہیں۔جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ بارش بیس مسرور پر 606 ملی میٹر جبکہ گلشن حدید 587 اور ڈی ایچ اے 524 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ فیصل بیس 462 ، قائد آباد 452 ، سرجانی 437 ، ناظم آباد 368،ایئرپورٹ 348 ، نارتھ کراچی 318 ،کیماڑی 306 ، اورنگی ٹاؤن 305 اور یونیورسٹی روڈ پر 270 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صدر 266 ،جناح ٹرمینل 255، معمار 246,سعدی ٹاؤن 231 ، کورنگی 183.3 اور گڈاپ میں 165 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔واضح رہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کا 2 جولائی سے آغاز ہوا جبکہ ماہ جولائی میں مون سون کے تین اسپیل کراچی میں برسے تھے۔