سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی؛ ڈکیت گروہ کے 4 ملزمان گرفتار

سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گروہ کے 4 ملزمان گرفتار کرلئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں ڈکیت گروہ کے 4 ملزمان گرفتار ہوگئے۔ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سیف اللہ، برکت اللہ، اکرام اللہ اور سید واحد شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والے 6 عدد پستول بمعہ ایمونیشن، 3 عدد موٹر سائیکلیں اور ٹیمپرنگ ٹول برآمد کئے گئے۔ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے،ملزم سیف اللہ اپنے ڈکیت گروہ کے کارندوں کو دو سے تین ہزار روپے کے عوض اسلحہ کرایہ پر دیتا تھا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ چھینے گئے موٹر سائیکلوں کے انجن اور چیسز نمبر ٹیمپر کرنے اور جعلی کاغذات بنانے کے بعد اس کو مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے، گرفتار ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکل مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔