اداکارہ پریانکا کی پناہ گزین یوکرینی بچوں سے ملاقات، تصاویر وائرل

بالی ووڈ اداکارہپریانکا چوپڑا نے پناہ گزین یوکرینی بچوں سے ملاقات کی ہے جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔پریانکا چوپڑا جنگ زدہ ملک یوکرین کے بے گھر بچوں اور خواتین سے ملاقات کے لیے پولینڈ کے دورے پر ہیں۔اداکارہ یونیسیف کی عالمی خیرسگالی سفیر ہیں اور ان دنوں وہ یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے بے گھر ہونے والے ہزاروں مردوں، عورتوں اور بچوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مختلف ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یوکرین کے بچوں کے ساتھ کھیلنے بات چیت کرنے اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔پریانکا چوپڑا یوکرینی بچوں کی دُکھ بھری کہانی سُن کر جذباتی ہو گئیں۔

اداکارہ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ان پناہ گزین بچوں کے ذہن پر جنگ کے گہرے اثرات پڑے ہیں، بہت سی خواتین اور بچوں سے ملاقات کی جو اس جنگ میں ہونے والی ہولناکیوں کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یونیسیف کی جانب سے پولینڈ اور خطے میں ماہرین نفسیات کی پنا ہ گزین ماؤں اور بچوں کی مدد کے لیے دستیاب ہیں۔یونیسیف کی ایک رپورٹ کے مطابق جنگ زدہ ملک یوکرین میں روزانہ تقریباً دو بچے جاں بحق ہوتے ہیں، یوکرین میں اس وقت 3 ملین سے زائد بچے جنگ سے متاثر ہو رہے ہیں جبکہ 2 ملین سے زائد دوسرے ممالک میں پناہ اختیار کیے ہوئے ہیں جن کی امداد کی جارہی ہے.