آئی ایم ایف کی یقین دہانی، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے تیسسرے روز انڈیکس میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس میں 877 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 41 ہزار 68 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔تیزی کے باعث اب تک مارکیٹ میں 2 عشاریہ 23 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آج مارکیٹ کی بلند ترین سطح 41 ہزار 194 جبکہ کم ترین سطح 40 ہزار 191 رہی۔گذشتہ روز مارکیٹ 115 پوائنٹس کے اضافے سے 40 ہزار 191 پر بند ہوا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں اور فنڈ کی جانب سے قرض کی قسط جلد جاری ہونے کی توقع کے باعث سرمایہ کار دوبارہ خریداری کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد میں آئی ایم ایف کی مقامی نمائندہ ایستھر پیریز روئیز نے کہا تھا کہ پاکستان نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں اضافہ کرکے فنڈ کے مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزے کے لیے درکار آخری پیشگی کارروائی مکمل کر لی ہے۔آئی ایم ایف کے نمائندہ کا کہنا تھا کہ 31 جولائی کو لیوی میں اضافے کے ساتھ ساتویں اور آٹھویں مشترکہ جائزے کے لیے آخری پیشگی کارروائی پوری ہو گئی ہے، مناسب مالیاتی یقین دہانیوں کی تصدیق ہونے کے بعد (ایگزیکٹو بورڈ) کا اجلاس فی الحال اگست کے آخر میں طے کیا گیا ہے۔