وزیر خارجہ کی یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے سے ملاقات، علاقائی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے سے ملاقات ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی نوم پنہ میں آج اے آر ایف کے وزارتی اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے جوزپ بوریل سے ملاقات کی۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اور اعلیٰ نمائندے نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور بلاول بھٹو نے باقاعدہ تبادلوں اور باہمی مفید تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ترجمان دفترخارجہ نےبتایا کہ وزیر خارجہ نے دو طرفہ تجارت پر جی ایس پی پلس کے اثرات کو اجاگر کیا اور پاکستان میں منصوبوں کے لیے یورپی یونین کی حمایت کو بھی سراہا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے پولیٹیکل ڈائیلاگ کے ساتھ ساتھ پاک یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے جلد از جلد انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔اسکے علاوہ فریقین نے افغانستان کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور وزیر خارجہ نے افغانستان میں انسانی اور معاشی بحران کو روکنے کے لیے مسلسل رابطے اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اور اعلیٰ نمائندے نے جنوبی ایشیا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیر خارجہ نے انہیں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے خطے میں امن و استحکام کے لیے بات چیت و مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔