الیکشن کمیشن نے عمران خان نااہلی ریفرنس سماعت کیلیے مقرر کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی ریفرنسز کو سماعت کیلئے مقرر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن بھجوائے تھے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن 18 اگست کو عمران خان کی ناہلی کیس کی سماعت کرے گا۔
ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول
اس سے قبل سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات چھپانے کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ای سی پی کو بھیجے جانے والے ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ سے لیے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے۔اس کے علاوہ انہوں نے تحائف بیچنے کی رقوم کی تفصیلات بھی گوشواروں میں جمع نہیں کرائیں جس کی بناء پر ریفرنس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا بھجوایا گیا نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ ریفرنس وفاقی وزیر ایاز صادق نے دائر کیا تھا۔اس سے قبل راجہ پرویز اشرف نے ریفرنس کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو اعتماد میں لے لیا تھا جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے قانونی اور آئینی ماہرین سے مشاورت کے بعد ریفرنس کی منظوری دی تھی۔