مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مضبوط پاکستان ضروری ہے، صدر آزاد کشمیر

صدر آزاد کشمیر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مضبوط پاکستان ضروری ہے۔
آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ہر فورم پر کھل کر مسئلہ کشمیر پر بات کی۔
حکومت مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھائے
انہوں نے کہا کہ حکومت بھی مسئلہ کشمیر پر توانا آواز اٹھائے، خواہش ہے مسئلہ کشمیر اور ایٹمی پروگرام پر تمام پاکستانی جماعتیں یک زبان ہوں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مضبوط پاکستان ضروری ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، 5 اگست کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے مقبوضہ کشمیر میں ہندو وزیر اعلیٰ بنے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی اکانومی کو کنتڑول کررہا ہے۔
بھارتی مظالم کا سلسلہ مزید بڑھ گیا
محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری قائدین اور ورکرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے، بے شمار لیڈرز پابند سلاسل ہیں، بھارتی مظالم کا سلسلہ مزید بڑھ گیا ہے، ہماری کوشش رہی اقوام عالم میں بھارتی مظالم بے نقاب کیے جائیں۔
بیرون ممالک میں احتجاجی مظاہرے

انکا کہنا ہے کہ بیرون ممالک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کر کے مسئلہ کشمیر اجاگر کیا، ہمارے سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر کشمیر ایشو پر ہم سب اکھٹے ہیں۔
محمود چوہدری نے مزید کہا کہ یاسین ملک کیس میں پاکستان انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس میں جائے، بھارت اب تک بیالیس لاکھ بھارتی ہندوؤں کو ڈومیسائل جاری کر چکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی محاصرے کو 3 سال مکمل

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی محاصرے کو آج 03 سال مکمل ہوگئے، پاکستان بھر میں آج یوم استحصال منایا جارہا ہے تاکہ بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھارتی فوجی محاصرے کو اور اس کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدام کی مذمت کی جائے۔

حکومت نے یوم استحصال کے موقع پر اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سیمینارز اور کانفرنسز سمیت متعدد سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا ہے جب کہ ان کی حمایت میں ملک بھر میں ریلیاں بھی نکالی گئیں جس میں تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دے گی کہ پاکستانی عوام ان کی حق آزادی کی منصفانہ جدوجہد اور بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔