برطانوی مرغی نے بالکل گول انڈہ دے کر دنیا کو حیران کردیا، لاکھوں میں فروخت ہونے کا امکان

عام طور پر مرغی کے ایک انڈے کی کتنی قیمت ہو سکتی ہے؟ پندرہ سے بیس روپے۔ تاہم آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ برطانیہ میں ایک مرغی نے ایسا نایاب انڈا دیا ہے جو ممکنہ طور پر 500پاؤنڈ(تقریباً 1لاکھ 34ہزار روپے) تک میں فروخت ہو سکتا ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ انڈا برطانیہ کی ایک فیملی کی پالتو مرغی نے دیا ہے جو بیضوی ہونے کی بجائے بالکل گول ہے۔
اس خاتون کا نام انابیل مولکاہی ہے جس کی مرغی نے یہ نایاب انڈا دیا ہے۔ انابیل کا کہنا ہے کہ ”میں گزشتہ 20سال سے اپنے گھر میں مرغیاں پال رہی ہوں لیکن آج تک کسی مرغی نے ایسا گول انڈا نہیں دیا۔ میں نے گوگل پر ایسے گول انڈے کے بارے میں سرچ کیا ہے اور مجھے معلوم ہوا ہے کہ دنیا میں ایک ارب میں کہیں ایک گول انڈا پیدا ہونے کا امکان ہوتا ہے۔“
رپورٹ کے مطابق انابیل نے معروف ویب سائٹ’ای بے‘ پر یہ انڈا فروخت کرنے کا اشتہار دے رکھا ہے جہاں ایک شخص کی طرف سے اس انڈے کو 480پاؤنڈ میں خریدنے کی پیشکش کی جا چکی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ انڈا 500پاؤنڈ میں آسانی سے فروخت ہو جائے گا۔