یوم آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

یوم آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی تجویز پر یوم آزادی کی مناسبت سے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔سزاؤں میں کمی آئین پاکستان کے آرٹیکل 45 کے تحت کی گئی ہے جبکہ اعلان کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید قیدیوں کی سزاؤں میں سے پانچواں حصہ کمی کی جائے گی۔خواتین قیدی جن کی عمر 60 سال یا اس سے زائد ہے اور 10 سال قید کاٹ چکی ہیں تو انکی بھی باقی ماندہ سزا معاف کر دی گئی ہے اور جو قیدی 20 سال قید کاٹ چکے ہیں تو انکی باقی ماندہ تمام سزا معاف کر دی گئی ہے۔اس سزاؤں میں کمی کا اطلاق ڈکیتی، اغوا، زنا ، دہشت گردی ، ریاست مخالف سرگرمیوں اور حدود آرڈیننس کے تحت سزا ہونے والے قیدیوں پر نہیں ہو گا جبکہ سزائے موت کے قیدیوں پر بھی اس سزاؤں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ اس سزاؤں میں کمی کے اعلان پر قیدیوں اور انکے ورثاء نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔