حقیقی آزادی کی جدوجہد میں کامیابی یقینی ہے، اسد عمر

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اس ملک کی عوام عمران خان کی قیادت میں شروع ہونے والی پاکستان کی حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور اس کو جاری رکھیں گے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی عوام ایک ایسے ملک کی خواہش کررہی ہے جس میں کسی اور طاقت کے زیر اثر فیصلے نہ ہو اور جو ایک خود مختار ملک ہو۔ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی اس جدوجہد میں کامیابی یقینی ہے کیونکہ اس میں ہر طبقے کے لوگ ہر شہر ہر گاؤں دیہات کے لوگ یکجا ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آج رات اس جدوجہد میں شامل عوام کا ایک بہت بڑا عظیم الشان مظاہرہ بھی لاہور میں ہوگا کہ جس میں ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوکر اور ایک ساتھ مل کر قومی ترانہ پڑھیں گے اور اسکے ساتھ ساتھ پاکستان کے ہر حصے کے لوگ دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کے لوگ متحد ہیں اور اپنی آزادی کے لئے کھڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے سے پہلے سے ہی حقیقی آزادی کے لئے قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے جو آج تک چلتا آرہا ہے اور آج ہونے والی تقریر میں بھی قوم کے متحد ہونے اور یکجا ہونے کا پیغام دنیا کو جائیگا کہ آج بھی یہ قوم اور افواج پاکستان کی حقیقی آزادی کے لئے متحد ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ یہ قوم ایک دلیر قوم ہے جو اپنی آزادی حاصل کرنے کا جذبہ رکھتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان اپنے خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی بتائیں گے کہ انہیں آگے کیا کرنا ہے ضروری اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔