وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت اپنی بہتر پالیسیوں سے عوام کو تاریخی ریلیف دے گی، وزیرداخلہ

وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ہماری حکومت اپنی بہتر پالیسیوں سے پاکستانی عوام کو تاریخی ریلیف دے گی۔عمران خان اور پرویزالہی کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ لاہور میں عمران خان کے خطاب میں کنسرٹ، محفل قوالی اورآتش بازی دیکھنے کے علاوہ “چول چوہدری” اور“پاگل خان” کی متکبرانہ،خود پسندانہ اورجھوٹ پر مبنی گفتگو سنی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے یہ جھوٹ پاکستانی قوم پچھلے 26 سال سے برداشت کررہی ہے، ان کے پاس پچھلے 26 سال سے ایک ہی سکرپٹ ہے۔وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اللہ کے گھر یہ دعا ہے کہ اس جھوٹ، فریب، گمراہی اور عمرانی فتنے سے اللہ تعالی وطن عزیزاور اور پاکستانی قوم کو محفوظ رکھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت اپنی محنت اور بہتر پالیسیوں سے پاکستانی عوام کو تاریخی ریلیف دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے ہاتھوں 4 سالہ معاشی تباہی اور بدحالی سے قوم کو نجات دلائے گی۔