کراچی میں آج رات تا کل دوپہر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر قائد میں آج رات سے کل دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ سسٹم کے زیر اثر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان رات تک ہے، تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔محکمے کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ حکام سے الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے بھی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 16 سے 18 اگست تک ایک اور اسپیل کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش برسائے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ اب واپس سندھ کی جانب گامزن ہے جس کی وجہ سے سمندر میں شدید طغیانی ہے، ماہیگیروں سمیت شہریوں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔