روزانہ کتنے منٹ کی ورزش کرنا صحت کیلئے مفید ہے؟

یہ تو ہم سب ہی جانتے ہیں کہ ’’تندرستی ہزار نعمت ہے‘‘ ۔ صحت نہ ہو تو انسان دولت، شہرت، عزت اور شاید کسی بھی نعمت سے خوشی حاصل نہیں کر سکتا۔بیماری نا صرف انسان کا جینا دو بھر کر دیتی ہے بلکہ انسان کی جیبیں بھی خالی کرا دیتی ہے۔اگر زندگی گزارتے ہوئے چند اصولوں پر پابندی سے عمل کیا جائے تو آپ صحت مند زندگی بسر کر سکتے ہیں اور بیماریوں سے دور رہیں گے۔ماہرین کاکہنا ہےکہ ہفتے کے زیادہ تر دنوں میں کم سے کم 30 منٹ کے لیے چلنا پھرنا شروع کریں۔ یہ کسی بھی طرح سے کیا جا سکتا ہے، یا تو گھر کے کام کرکے، دوڑ لگا کر، چہل قدمی کرکے، کسی کھیل میں حصہ لے کر یا یوگا اور ڈانس کرکے۔طبی ماہرین کے مطابق پھلوں، سبزیوں اور پروٹین کو زیادہ سے زیادہ اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔مراقبہ کریں اور گہری سانسیں لیا کریں۔ اس سے پُر سکون رہنے میں مدد ملتی ہے۔ اچھی ذہنی صحت ہونا اچھی جسمانی صحت جتنا اہم ہے۔ایسے کام کریں جو آپ کو خوش رکھیں۔ اس سے ذہن پر دباؤ کم ہوتا ہے اور زندگی مثبت طریقے سے گزر سکتی ہے۔دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ رابطے میں رہیں،ان کے لیے وقت نکالیں۔ٹھیک سے سونا بھی بے حد ضروری ہے۔ تھکے رہنے سے موڈ خراب رہتا ہے۔