’جشنِ آزادی‘ کی مناسبت سے شائستہ لودھی کا عوام کو مشورہ

ملک بھر میں آج 75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔فلم، ٹی وی اور موسیقی سے وابستہ کئی ستاروں نے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے جشن آزادی کے پیغامات بھیجے اور اپنی تصاویر شیئر کیں۔پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور مارننگ ہوسٹ اور شائستہ لودھی نے بھی ’جشنِ آزادی‘ کی مناسبت سے پاکستانی عوام کو مفید مشورہ دیا ہے۔شائستہ لودھی نے انسٹاگرام پر اپنی وڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ہم سالگرہ اور دیگر خاص مواقع پر یہ سوچتے ہیں کہ ہمیں ہمارے پیارے کیا تحفہ دیں گے۔ آپ نے 14 اگست کو پاکستان کو کیا دینے کا سوچا ہے؟ 14 اگست کے موقع پر ہم بڑی بڑی باتیں اور دعوے کرتے ہیں، اگر ہم بہت ہی چھوٹے چھوٹے کاموں اور زندگی گزارنے کے انداز میں تھوڑی سی تبدیلی کرلیں تو اس سے بڑی اچھی بات کوئی نہیں ہوگی۔

شائستہ لودھی نے کہا کہ اگر ہم اپنی گلی محلے میں پھرنے والے جانوروں کا خیال کرلیں، گاڑی میں بیٹھ کر باہر کچرا نہ پھینکیں، اگر ہم باہر پڑے کچرے کو سمیٹ لیں تو آپ کے بچے اور دوسرے لوگ بھی اس عادت کو اپنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پودے بھی لگانے چاہئیں، کراچی کے موسم کو دیکھیے، بلوچستان میں آنے والے سیلاب کو دیکھیے، اس وقت ہمیں ماحول پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پودا نہیں لگاتے تو کم ازکم اپنے گھر اور محلوں میں لگے درختوں کو سوکھنے نہ دیں۔شائسہ لودھی نے مزید کہاکہ اگر ہم 2، 3 یا 4 چیزیں تبدیل کرلیں تو بڑی تبدیلی بھی آجائے گی۔ چلیے چھوٹے چھوٹے کاموں سے شروع کرتے ہیں۔