جشن آزادی کے موقعے پر آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب

جشن آزادی کے موقعے پر آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کینبرا نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، اس موقعے پر پاکستانی ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے پاکستان کے قومی ترانے کے ساتھ قومی پرچم کی رونمائی کی۔
پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، پاکستانی ہائی کمشنر نے بانیان پاکستان کو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن بنانے کے لیے ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقعے پر زاہد حفیظ چوہدری نے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور انہیں ملک کا اثاثہ قرار دیا، صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے ہائی کمشنر نے آسٹریلوی سینیٹر ڈیوڈ شوبرج کو انسانی حقوق و سماجی انصاف کے شعبے میں شاندار خدمات پر تمغہ قائداعظم سے نوازا۔پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر نے سینیٹر شوبرج کی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کے لیے بھرپور وکالت کی بھی تعریف کی، سینیٹر ڈیوڈ شوبرج نے تمغہ قائداعظم سے نوازنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔