اسکول نہ جانے والے بچوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہرممکن اقدام کرینگے، پرویزالہیٰ

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کی اسکول نہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے۔وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالہیٰ نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم خواندگی پر آج سب کو پڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پنجاب میں 20 سال قبل لٹریسی ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا اعزاز مجھے عطا کیا، صوبہ بھر میں اسکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کےلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
‘ماضی میں نظر انداز کرنے والے لٹریسی جیسے محکمے پر اب پوری توجہ دینگے’
پرویزالہیٰ نے کہا کہ معاشرے کے نظر انداز طبقات کو بنیادی تعلیم اور فنون سے آراستہ کرنے کے لئے ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، لٹریسی جیسے اہم محکمے کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا لیکن اب ہم اس پر پوری توجہ دیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے سابقہ دور کے پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام کو ملکی اور بین الاقوامی ہر فورم پر سراہا گیا، پنجاب میں مفت کتابیں اور بچیوں کے وظائف کا آغاز بھی ہم نے کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا نیوی ڈے پر پیغام
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے نیوی ڈے پر بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج نے ہمیشہ بہادری کی داستانیں رقم کیں، پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ پر پوری قوم کو ناز ہے۔
‘پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں’
پرویزالہیٰ نے کہا کہ وطن عزیز کی سمندری حدود کے دفاع کے لئے پاک بحریہ کے جانبازوں کی داستانیں شجاعت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، پاک بحریہ نے دشمن کوناپاک ارادوں سمیت نیست و نابود کیا۔انکا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے ناقابل فراموش حربی کردارکو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔