شادی کے 8 سال بعد خاتون کو اپنے شوہر کے دراصل لڑکی ہونے کا پتہ چل گیا

بھارت میں ایک خاتون پر شادی کے 8سال بعد اپنے شوہر کے بارے میں ایسا راز منکشف ہوا کہ اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق اس 40سالہ خاتون کا تعلق ریاست گجرات کے شہر وڑودرا سے ہے، جس کی شادی 2014ءمیں ہوئی تھی اور اسے اب جا کر علم ہوا ہے کہ اس کا شوہر پیدائشی طور پر لڑکی تھا اور اس نے جوان ہونے کے بعد آپریشن کروا کے اپنی جنس تبدیل کرائی تھی۔رپورٹ کے مطابق خاتون نے اپنے شوہر ویراج وردھن کے خلاف پولیس کو رپورٹ درج کرائی ہے، جس میں اس نے بتایا ہے کہ جب اس کا شوہر لڑکی ہوتا تھا اس کا نام ’وجیتا‘ تھا۔ خاتون نے اپنے شوہر کے گھر والوں کے نام بھی ایف آئی آر میں نامزد کیے ہیں اور بتایا کہ ہے اس فراڈ میں وہ بھی شامل تھے۔خاتون نے بتایا ہے کہ اس کی ویراج وردھن کے ساتھ ملاقات رشتے کرانے والی ایک ویب سائٹ کے ذریعے ہوئی تھی۔ خاتون پہلے سے شادی شدہ تھی اور 2011ءمیں اپنے شوہر کی موت واقع ہو جانے کے بعد اپنی 14سالہ بیٹی کے ساتھ اکیلی رہ رہی تھی۔خاتون نے بتایا کہ ملاقات کے بعد چند ماہ تک وہ ویراج سے ملتی رہی اور پھر فروری 2014ءمیں دونوں نے شادی کر لی۔ شادی میں دونوں کے خاندان کے افراد موجود تھے۔ شادی کے بعد دونوں ہنی مون کے لیے کشمیر گئے۔ خاتو ن نے بتایا کہ ”ہنی مون کے دوران ویراج میرے ساتھ ازدواجی تعلق قائم کرنے سے کتراتا رہا اور مختلف حیلے بہانے کرتا رہا۔ جب میں نے اصرار کیا تو اس نے جھوٹ بول دیا کہ ایک بار وہ جب روس میں تھا، اس کا ایکسیڈنٹ ہوا تھا جس میں اس کے عضو مخصوصہ پر چوٹ آئی اور وہ جنسی تعلق قائم کرنے کے قابل نہ رہا۔ اس نے کہا کہ ایک چھوٹی سی سرجری ہو گی جس کے بعد وہ ٹھیک ہو جائے گا۔ “خاتون نے بتایا کہ ”شادی کے چند ماہ بعد اس نے وزن کم کرنے کے لیے سرجری کرانے کا بہانہ کیا اور کلکتہ چلا گیا۔ دراصل اس نے وہاں جنسی تبدیلی کی سرجری کرائی اور مردانہ جنسی اعضاءلگوا کر واپس آ گیا۔وہ ازدواجی تعلق کے پھر بھی قابل نہ ہوا تاہم وہ غیرفطری طریقے سے جنسی تعلق قائم کرتا رہا اورمجھے دھمکیاں دیتا رہا کہ اگر میں نے کسی کو اس کی جنسی کمزوری کے بارے میں بتایا تو مجھے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ اب تک میں یہی سمجھتی رہی کہ وہ اس ایکسیڈنٹ کی وجہ سے مردانگی سے محروم ہوا تھا مگر اب جا کر مجھے حقیقت کا علم ہوا ہے کہ دراصل وہ پیدائشی طور پر لڑکی تھا اور لڑکی ہوتے ہوئے ہی اس نے مجھ سے شادی کی تھی اور چند ماہ بعد سرجری کے ذریعے مردانہ عضو لگوا لیا تاکہ میں اس کی ایکسیڈنٹ والی کہانی پر اعتبار کر سکوں۔“ پولیس نے خاتون کی درخواست پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔