افواہوں پر کان نہ دھریں، آئندہ الیکشن ضرور لڑوں گا، لیگی ایم این اے ساجد شاہ کا اعلان

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم شاہ کا کہنا ہے یہ افواہیں ہیں کہ وہ اگلا الیکشن نہیں لڑیں گے، وہ کسی صورت کسی کے حق میں دستبردار نہیں ہوں گے اور آئندہ الیکشن بھی ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی گاؤں کوٹ سادات میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر سید انور شاہ، اقبال خلجی، حاجی اصغر، نوید شاہ، خان ذوالفقار، سیٹھ اشرف، استاد تصور، احمد علی شاہ، وارث شاہ، فوجی مظہر، نذر شاہ، عمران شاہ، یونس بڑا بھائی، رانا وکیل نمبردار، طارق جٹ بھی موجود تھے. کوٹ سادات اور علاقے کی تمام برادریوں بشمول سید، لنگاہ، چوہان، بھٹی نے ساجد شاہ کو مکمل حمایت کا یقین دلایا. ساجد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اس حلقے میں محنت کرکے اپنا ووٹ بینک بنایا اور مسلسل دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے. ان کے بڑا بھائی سید شاہد مہدی نسیم شاہ اور بھتیجا سید سلمان شاہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی.ساجد شاہ کے مطابق ان کے بڑے بھائی کے فیصلے کی وجہ سے پورا حلقہ کنفیوژن کا شکار ہے، وہ اسی کنفیوژن کو دور کرنے کیلئے اپنے آبائی گاؤں آئے ہیں تاکہ افواہوں کا خاتمہ کیا جا سکے.انہوں نے شکوہ کیا کہ سب لوگ انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ آپ آئندہ الیکشن سے دستبردار ہوجائیں حالانکہ انہوں نے اپنی ذاتی محنت سے خاکوانی اور دولتانہ ووٹ بینک کو اپنی طرف راغب کیا ہے، انہیں اپنا ہی حلقہ چھوڑنے کا مشورہ تو دیا جا رہا ہے لیکن نسیم شاہ کو کوئی جا کر سلوک کیلئے راضی نہیں کر رہا.ساجد شاہ نے واضح کیا کہ وہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر آئندہ الیکشن بھی لڑیں گے اور مسلسل تیسری بار کامیاب ہو کر حلقے میں ترقیاتی کاموں کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے.