قومی ٹیم بیٹنگ مسائل سے دوچار ہے جنہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: چیف سلیکٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم بیٹنگ مسائل سے دوچار ہے جنہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں مختلف کمبی نیشن بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سکواڈ میں تبدیلی کا پلان نہیں لیکن آپشن ضرور موجود ہے،امید ہے فخر زمان فٹ ہوجائیں گے، اگر فٹنس مسائل برقرار رہے تو کچھ نام زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ 2022 کے فائنل اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ پاکستان ٹیم بیٹنگ مسائل سے دوچار ہے جس کے حل کے لیے کوشش کی جارہی ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ بھی اسی مسئلے کے حل کے لیے حالیہ سیریز میں مختلف کمبی نیشن بنا رہی ہے، بینچ اسٹرینتھ کو موقع دے رہے ہیں، ورلڈکپ قریب ہے دو لگاتار شکست سے وہ زیادہ پریشان نہیں ہیں۔ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلی کے حوالے سے چیف سلیکٹر نے کہا کہ ابھی تک تبدیلی کا کوئی پلان نہیں ہے تاہم آپشن ضرور موجود ہے۔ انجریز کی وجہ سے بھی تبدیلی ہوسکتی ہے۔ فخر زمان ورلڈکپ سکواڈ کا حصہ ہیں امید ہے وہ جلد انجری سے نجات پالیں گے لیکن اگر وہ ورلڈ کپ تک فٹ نہ ہوئے تو کچھ نام زیر غور ہیں۔