کراچی میں ڈاکوؤں نے ڈی ایس پی کو لوٹ لیا ، 8 لاکھ روپے چھین کر فرار

کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اس قدر متحرک ہو چکے ہیں کہ عوام کے محافظ خود کی بھی حفاظت نہیں کر پا رہے ، ایک واردات میں ڈاکو ڈی ایس پی سے 8 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے ۔نجی ٹی وی” کے مطابق کراچی پولیس کے ڈی ایس پی سعید جبار بینک سے 8 لاکھ روپے نکلوا کر جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے ان کا تعاقب کیا اور سٹیڈیم رود پر ڈالمیا کے قریب پولیس افسر کو لوٹ لیا۔ملزمان نے اسلحے کے زور پر ڈی ایس پی سعید جبار کو لوٹا اور فرار ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں ۔شہر قائد میں ڈکیتی ، راہزنی اور قتل و غارت گری کی بڑھتی وارداتوں پر گزشتہ دونوں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا ، خواجہ اظہار الحسن نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہ 6 ماہ میں 800 سے زائد افراد ڈکیتی وارداتوں کے دوران قتل ہو گئے ، محسوس ہوتا ہے جیسے جرائم پیشہ افراد کو قتل و غارت کا لائسنس دیدیا گیا ہو ، کراچی کے تمام پولیس افسران سیاسی ہیں ۔خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہاکہ وزیر اعلیٰ نے وزارت داخلہ اپنے پاس رکھی ہوئی ہے ، ان سے نہ وزارت اعلیٰ چل رہی ہے نہ وزارت داخلہ ، پولیس چیف کی تاجروں سے گفتگو تکلیف دہ تھی ، کراچی پولیس چیف نے ڈاکوؤں کو بری الذمہ قرار دیدیا، ایک ہوٹل میں 11 مسلح افراد آئے اور سب کو لوٹ کر چلتے بنے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل کورنگی انڈسٹریل ایریا کے قریب بینک سے رقم نکلوا کر گھر جانے والے دو نوجوانوں کو ڈاکوؤں نے لوٹنے کی کوشش کی مگر نوجوانوں نے ڈاکوؤں کو ان کے ہی اسلحے سے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا مگر ہاتھا پائی کے دوران رقم کوئی تیسرا شخص لے اڑا۔