الیکشن اخراجات سے بڑی قیمت سپریم کورٹ کے فیصلے کی چکا رہے ہیں جس کے ذریعے انتخابات کو روکا گیا ، فواد چودھری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے استعفوں کی منظوری سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیا ل کی رائے کو آئین سے متصادم قرار دیدیا ، فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن اخراجات سے بڑی قیمت سپریم کورٹ کے فیصلے کی چکا رہے ہیں جس کے ذریعے انتخابات کو روکا گیا ۔آج سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پاکستان تحریک انصاف کو واپس اسمبلیوں میں جانے کا مشورہ دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پارلیمان میں کردار ادا کرنا ہی اصل فریضہ ہے،پی ٹی آئی کو اندازہ ہے 123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہونگے؟ ، لوگ سیلاب سے بے گھر ہوچکے ہیں، ان کے پاس پینے کا پانی ہے نہ کھانے کو روٹی، بیرون ملک سے لوگ متاثرین کی مدد کیلئے آ رہے ہیں، ملک کی معاشی حالت بھی دیکھیں۔ چیف جسٹس کے ریمارکس پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ احترام کے ساتھ چیف جسٹس کی آبزرویشن آئین سے متصادم ہے ، پانچ سال اسمبلی کی مدت ہے تاآنکہ اس مدت سے پہلے توڑ دی جائے اور عوام اس اسمبلی کو نمائندہ نہیں سمجھتے ، الیکشن پر اخراجات سے کہیں زیادہ بڑی قیمت ہم سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی دے رہے ہیں جس کے ذریعے انتخابات کو روکا گیا۔