’تھینک یو‘ نہ کہنے پر شہری قتل

امریکہ میں بظاہر ’تھینک یو‘ نہ کہنے پر ایک آدمی کو قتل کر دیا گیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ نیویارک کے علاقے بروکلین میں پیش آیاجہاں 37سالہ مقتول کو شکریہ نہ کہنے پر تیز دھار آلے سے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ قاتل اور مقتول کے درمیان فورتھ ایونیو میں واقع ایک دکان کے اندر جھگڑا ہوا۔ مبینہ طور پر قاتل نے مقتول کے لیے دکان کا دروازہ کھولا تھا جس پرمقتول نے تھینک یو نہ کہا۔ اس پر دونوں میں جھگڑا شروع ہو گیا اور ملزم نے تیز دھار آلے کے وار کرکے آدمی کو قتل کر دیا۔ اس واقعے کی دکان کے اندر اور باہر کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آئی ہے۔اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں آدمیوں کے درمیان دکان کے اندر جھگڑاشروع ہوتا ہے اور لڑتے لڑتے دکان کے باہر آ جاتے ہیں جہاں ایک دوسرے پر حملہ کر دیتا ہے۔ اس واردات کے عینی شاہد، دکان پر کام کرنے والے ملازم خریف السیدی نے تصدیق کی ہے کہ دونوں کے مابین شکریہ نہ کہنے پر جھگڑا شروع ہوا تھا۔ خریف نے بتایا کہ ملزم نے مقتول کے لیے دکان کا دروازہ کھولا تھا جس پر ملزم نے شکریہ نہ کہا۔ ملزم نے جب احتجاج کیا تو مقتول نے کہا کہ ”میں نے تمہیں دروازہ کھولنے کو کہا تو نہیں تھا۔“ اس پر دونوں ایک دوسرے کے گتھم گتھا ہو گئے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔