مبینہ ایس پی کی ایک فیملی کے ساتھ بدتمیزی، اسلام آباد پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد میں آئی ایٹ پل پر مبینہ ایس ایس پی کی ایک فیملی کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہونے پر اسلام آباد پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ آدمی سیاہ رنگ کی ٹویوٹا کرولا گاڑی میں سوار تھاجس کے شیشے بھی غیرقانونی طور پر سیاہ تھے اور گاڑی پر سبز نمبرپلیٹ لگائی ہوئی تھی۔یہ آدمی پل پر غلط سمت سے آ رہا تھا، مگر الٹا فیملی کی سوزوکی ویگن آر کار کے آگے اپنی گاڑی کھڑی کرکے انہیں تلخ کلامی شروع کر دی اور گاڑی میں موجود شخص کو سنگین دھمکیاں دینے لگا۔ فیملی کے ساتھ موجود شخص نے موبائل فون نکال کرویڈیو ریکارڈ کر لی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔ ویڈیو میں اس آدمی کی پوری طرح شناخت ہو رہی ہوتی ہے اور گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی نمایاں ہوتی ہے مگر اسلام آباد پولیس کی طرف سے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اس شخص کو ’نامعلوم‘قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔