وزیر اعلیٰ پنجاب کا تاجروں کے مسائل حل کرنے کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ناصر حمید خان اور پیٹرن انچیف محمد عابد حمید خان نے کی۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا اعلان کیا جبکہ ملاقات کے دوران لاہور میں بادامی باغ، انارکلی سمیت مختلف مقامات پر پارکنگ پلازے بنانے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔پرویز الہٰی نے کہا کہ ایشیا کی سب بڑی آٹو مارکیٹ کو سہولتوں کے حوالے سے ماڈل مارکیٹ بنایا جائے گا، آٹو مارکیٹ کے سیوریج سسٹم کو بہتر بنا کر تاجروں کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کمشنر لاہور کو ایل ڈی اے، واسا اور دیگر ماہرین کے ساتھ آٹو مارکیٹ کا وزٹ کرنے کی ہدایت دی اور چمڑہ منڈی شہر سے باہر منتقل کرنے کی تجویز پر غور کیا۔