ہمیں اسلامی دنیا کے تمام تنازعات میں انصاف کے ساتھ امن کو فروغ دینا چاہیے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں اسلامی دنیا کے تمام تنازعات میں انصاف کے ساتھ امن کو فروغ دینا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا سالانہ رابطہ اجلاس وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی صدارت میں ہوا جس میں بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اس سالانہ رابطہ اجلاس میں خوش آمدید کہتا ہوں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اس سالانہ اجلاس کی روایت کو بحال کرنے پر خوش ہیں جو کوویڈ -19 وبائی مرض کی وجہ سے رک گئی تھی، ہم او آئی سی سربراہی اجلاس کے سربراہ کے طور پر مملکت سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہیں، ہم اس اہم اجلاس کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور جنرل سیکرٹریٹ کی تعریف اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کا اجلاس اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل مسائل پر ہماری پوزیشنوں کو مزید مربوط کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، آج کا اجلاس اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں اور فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے سیاسی عزم کو تقویت دینے کا بھی ایک موقع ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم دنیا کی تاریخ کے ایک نازک موڑ پر مل رہے ہیں، کوویڈ 19 وبائی بیماری، اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی معیشت کے سکڑتے عمل نے ترقی پذیر دنیا میں پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب پیش رفت کو روک دیا ہے، معیشت کے سکڑتے عمل کے نتیجے میں کئی اسلامی ممالک سمیت مختلف ریاستوں کے درمیان عدم مساوات میں شدت آئی ہے۔