ایڈیشنل آئی جی کی کراچی کے حوالے سے دیے گئے متنازع بیان کی وضاحت

ایڈیشنل آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کراچی کے حوالے سے دیے گئے متنازع بیان کی وضاحت کردی۔کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹریز(کاٹی) میں تاجروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل آئی جی سندھ نے کہا کہ تاجر جس بیان کے بارے میں بات کررہے ہیں اس کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں ۔جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، بزنس کمیونٹی جب تک اپنا کردار ادا نہیں کرے گی تو بہتری نہیں آسکتی ۔انہوں نے کہا کہ روز گار پیدا کرکے بزنس کمیونٹی ہمارے لیے کام کرتی ہے بلکہ تاجروں کی ٹیکس کی صورت میں ہی ملک چلتا ہے۔ میرا مقصد صرف کراچی کی بہتری ہےمیرا مقصد دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ایڈیشنل آئی جی سندھ نے کہا کہ میں کراچی کے بارے کیسے غلط بات کرسکتا ہوں ۔ میں کراچی میں رہا ہوں یہاں آپریشن کے بعد امن و امان کی فضا پیدا ہوئی ہے۔