سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں ڈائیریا ، ڈینگی، ملیریا سمیت دیگر امراض پھیل گئے ہیں جس کے پیش نظر گز شتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1 خاتون جاں بحق ہوگئی ہیں۔محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گز شتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈائیریا کی وجہ سے 1 خاتون جاںبحق ہوئی جبکہ یکم جولائی سے اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 340ہوگئی ہے۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ گز شتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈائیریا کے 11ہزار 177 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ یکم جولائی تا آج تک ریلیف کیمپس میں ڈائریا کے 6 لاکھ 60ہزار 15 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ گز شتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جلدی امراض کے شکار مزید 11 ہزار 850کیسز رپورٹ ہوئے البتہ یکم جولائی سے آج تک ریلیف کیمپس میں 7 لاکھ 26ہزار 487کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔اسکے علاوہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملیریا کے مزید 661کیسز اور ڈینگی کے مزید 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 3.26 ملین افراد کو ریلیف کیمپوں میں طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔