کئی بار ہمیں دن کے وقت چاند آسمان پر کیوں نظر آتا ہے؟ دلچسپ وجہ جانیے

رات کے وقت آسمان پر چاند ہی سب سے زیادہ روشن ہوتا ہے۔اکثر لوگوں نے اس بات پر غور کیا ہوگا کہ دن کے وقت بھی چاند آسمان پر نظر آتا ہے جبکہ کئی لوگ اس بات سے انجان ہیں تو آج ہم آپ کو اس حقیقت کے بارے میں بتائیں گے۔ویسے یہ جان لیں کہ چاند ہر وقت ہی آسمان پر موجود ہوتا ہے مگر سورج کے باعث وہ ہمیں نظر نہیں آتا مگر ہر مہینے چند دن ایسے ہوتے ہیں جب سہ پہر کے وقت بھی چاند کو دیکھنا ممکن ہوتا ہے۔اب بات یہ ہے کہ چاند ہلال کی شکل میں ہوتا ہے یا نصف چاند نظر آتا ہے تو اس کی وجہ بھی ہم بتائیں گے۔ویسے تو دن میں چاند کو آسمان پر دیکھنے کا بہترین وقت نئے چاند کی پیدائش کے بعد پہلے ہفتے یا مکمل چاند کے بعد کے ہفتے کے دوران ہوتا ہے۔یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ چاند ہماری زمین کے گرد چکر لگاتا ہے اور زمین سورج کے گرد گھومتی ہے، جس کے نتیجے میں آسمان پر چاند اور سورج کی پوزیشنز بدلتی رہتی ہیں۔اس دوران مہینے میں ایک بار ہی چاند کے روشن پہلو کا رخ مکمل طور پر سورج کی جانب ہوتا ہے جو پورے چاند کی شکل میں ہمیں نظر آتا ہے یعنی اس وقت چاند سورج غروب ہونے کے بعد طلوع ہوجاتا ہے یا صبح اس کا الٹ ہوجاتا ہے جبکہ مہینے کے باقی ایام میں ایسا نہیں ہوتا۔اس کے علاوہ دن کے وقت چاند نظر آنے کی ایک اور وجہ ہماری زمین کے اس پڑوسی کی قربت اور روشنی ہے یقیناً چاند کی اپنی تو کوئی روشنی نہیں ہوتی بلکہ وہ سورج کی روشنی سے جگمگاتا ہے۔ واضح رہے کہ چاند زمین کے قریب ہونے کی وجہ سے دیگر سیاروں کے مقابلے میں ہمیں بہت زیادہ روشن نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے وہ کبھی کبھار دن میں بھی نظر آجاتا ہے۔