اب تک ہماری وزیر اعظم سے ملاقات نہیں ہوئی، فوکل پرسن پاکستان کسان اتحاد

فوکل پرسن پاکستان کسان اتحاد نے کہا ہے کہ اب تک ہماری وزیر اعظم سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کسان اتحاد کے فوکل پرسن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کسان اتحاد سے کیے گئے وعدے حکومت کو پورا کرنے ہوں گے، خود ساختہ کسان گروپ لانچ کر کے ہمیں لولی پاپ دینے کی کوشش کی گئی تو بھرپور احتجاج ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے آنے والے نام نہاد کسان اتحاد گروپ کا ہمارے کسانوں سے کوئی تعلق نہیں، پنجاب کے دو ضلعوں حکومتی ایما پر یہ گروپ اسلام آباد آرہا ہے، ہمارے پاکستان کسان اتحاد گروپ نے پورے پاکستان کے کسانوں کی نمائندگی کی، ہمیں 28 ستمبر وزیراعظم کے ساتھ میٹنگ کروانے کا کہا گیا تھا، اب 29 ستمبر کا کہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر چند اپنے نام نہاد کسان گروپ کے ساتھ مزاکرات کر کے ہمیں لولی پاپ دیا تو ہمیں قابل قبول نہ ہو گا، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پر ہمارے ساتھ مزاکرات نہ کیے تو پاکستان بھر کے کسان اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پہنچیں گے، وزیر داخلہ کی یقین دہانی پر ہم نے پاکستان کسان اتحاد کا احتجاجی دھرنا ختم کیا تھا، آج وزیر اعظم کی مصروفیات کی وجہ سے کسان اتحاد سے ملاقات کینسل کی گئی۔فوکل پرسن نے کہا کہ وزیر داخلہ نے اب ہمیں تیس ستمبر کو وزیر اعظم سے میٹنگ کا بتایا ہے، آج کے نام نہاد کسان مارچ کے کسی مزاکرات کو تسلیم نہیں کریں گے، حکومت ہمارے ساتھ کیے گئے وعدے کے مطابق ہمارے مطالبات تسلیم کرے، اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہم پاکستان بھر میں دوبارہ احتجاج کریں گے۔