زراعت کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، خالد خورشید

خالد خورشید نے کہا ہے کہ زراعت کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے زراعت، لائیو سٹاک اور ڈیری کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ کا بلاک الوکیشن سے 75 کروڑ لاگت کے منصوبے کے ورک پلان کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بروقت زرعی شعبے پر توجہ دینا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت زراعت، لائیو سٹاک، ڈیری اورفشریز کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے، نئے اصلاحات اور منصوبوں سے مقامی زمینداروں اور لائیو سٹاک سے منسلک متوسط طبقے کی زندگی میں خوشحالی آئے گی اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی سیکریٹری زراعت کو ہدایت کی کہ زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں خود کفالت کی منزل کو حاصل کرنے کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے منظور کئے جانے والے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے صوبائی سیکریٹری زراعت کو ہدایت کی کہ مقامی کسانوں کی مشاورت سے گندم کے سپورٹ پرائس کا تعین کریں، حکومت مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری کرے گی تاکہ گندم کاشت کرنے والے کسانو ں کی حوصلہ افزائی ہو جبکہ سبزیوں، لائیو سٹاک اور گندم کی پیداوار میں اضافے کیلئے مقامی کسانوں کو بھی بھرپور سہولیات فراہم کریں گے۔