7 فٹ لمبا کوبرا خاموشی سے فرار ہونے کے بعد واپس لوٹ آیا

سویڈن سے یہ دلچسپ خبرآئی ہے کہ ایک ہفتے تک ایکویریئم سے غائب رہنے کے بعد زہربھرا کنگ کوبرا خاموشی سے وہیں لوٹ آیا ہے جہاں سے فرار ہوا تھا۔22 اکتوبر کو اسٹاک ہوم میں واقعہ مشہور چڑیا گھر اور ایکویریئم سے کنگ کوبرا فرار ہوگیا تھا۔اس کے گھر کے اوپر ایک گول دائرہ کھلا تھا جو باہر کی جانب نکلتا تھا۔ کوبرا نہایت چالاکی سے اوپر چڑھا اور گول کھڑکی سے باہر نکل گیا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے اسے ایک ہفتے تک تلاش کیا لیکن وہ نہیں ملا، پھر اب وہی کوبرا دوبارہ اپنے گھر لوٹ آیا ہے۔اتوار کے روز انتظامیہ نے نوٹ کیا کہ کنگ کوبرا واپس اپنے گھر پہنچ چکا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے بتایا کہ انہیں یقین تھا کہ سانپ عمارت سے باہر نہیں گیا تھا۔ جب اس کی تلاش شروع ہوئی تو وہ کئی مرتبہ دکھائی دیا لیکن گرفت میں آنے سے پہلے ہی بھاگ کھڑا ہوا تھا۔کوبرا کے واپس لوٹنے کے بعد اس کے گھر کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور باہر جانے کے راستے مسدود کئے جاچکے ہیں جبکہ کنگ کوبرا کو اب دوبارہ نمائش کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔