باجوڑ میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید، دہشتگرد ہلاک

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے اور 1 دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے ہلال خیل میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب کو ہوا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 1 دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک تاج محمد اور لانس نائیک امتیاز خان بھی شہید ہوئے، شہید لانس نائیک امتیاز خان کا تعلق مالاکنڈ سے ہے جبکہ شہید نائیک تاج محمد کا تعلق کو ہاٹ سے ہے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج پاک سرزمین سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔