سرفراز احمد کے بیٹے کی لیگ اسپن بولنگ پر شاداب خان کا ردعمل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے بیٹے کی لیگ اسپن بولنگ پر شاداب خان کا ردعمل سامنے آیا ہے۔سابق کپتان کے 5 سالہ بیٹے عبداللہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں شاداب خان کی طرح لیگ اسپن بولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ عبداللہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اپنے والد سرفراز احمد کو بولنگ کروارہے ہیں۔وائرل ویڈیو پر سرفراز احمد نے شاداب خان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسے چیک کرو‘۔

جس کے جواب میں شاداب خان لکھتے ہیں کہ ’عبداللہ نے پہلے سیفی بھائی کے دل میں میری جگہ لے لی اور اب وہ پاکستان ٹیم میں میری جگہ نہ لے جائے‘۔

شاداب خان کے ردعمل پر سرفراز احمد نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا نہیں ہوگا، آپ اور عبداللہ دونوں میرے دل میں اکٹھا تھے اور ہمیشہ رہیں گے‘۔