فٹبال کے عالمی میلے کا آغاز آج سے قطر میں ہوگا

فٹبال کا عالمی میلہ آج سے قطر میں سجنے جارہا ہے جس کا افتتاح رنگا رنگ تقریب سے ہوگا۔دنیا کے مہنگا ترین فیفا ورلڈ کپ کا آغاز آج سے قطر میں ہونے جارہا ہے جس میں 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کے مابین 64 میچز کھیلے جائیں گے۔ٹیموں کو چار چار کے آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں میزبان ٹیم قطر، ایکواڈور، سینیگال اور ہالینڈ شامل ہیں۔گروپ بی میں انگلینڈ، ایران، امریکا اور ویلز، گروپ سی میں ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ جب کہ گروپ ڈی میں فرانس، آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس شامل ہیں۔گروپ ای میں اسپین، کوسٹا ریکا، جرمنی اورجاپان، گروپ ایف میں بلجیم، کینیڈا، مراکش اور کروشیا جب کہ گروپ جی میں برازیل، سربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون، گروپ ایچ میں پرتگال، گھانا، یوراگوئے اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔افتتاحی میچ آج رات پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہوگا جس میں میزبان ٹیم قطر اور ایکواڈور کی ٹیم مدمقابل ہوں گی۔ورلڈ کپ کے میچز 5 شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں ہوں گے جب کہ دفاعی چیمپئن فرانس اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ایونٹ کا افتتاح رنگا رنگ تقریب سے ہوگا جس میں مقامی اور دنیا بھر سے آئے معروف فنکار شاندار پارفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔فیفا ورلڈ دیکھنے کے لیے لاکھوں شائقین نے قطر کا رخ کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے قطر میں رہائش اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں قطر میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کا کوئی ملک عالمی کپ فٹ بال کی میزبانی کررہا ہے۔اس موقع پر قطر کی گلیوں میں عید کا سماں ہے جب کہ ورلڈ کپ کے لیے مملکت کی گلیوں اور سڑکوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔