آنے والے دنوں میں امریکہ اور پاکستان کے بہت اچھے تعلقات ہوں گے، پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکہ اور پاکستان کے بہت اچھے تعلقات ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے امریکہ میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل شاہد احمد خان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ کے لئے ضروری اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اور اعزازی قونصل جنرل شاہد خان نے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے سلی کون ویلی کے اشراک پر اتفاق بھی کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ امریکن ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ ملکر ٹیکنالوجی ٹرانسفر کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور پاکستانی طلبہ کو مائیکرو چپ ٹیکنالوجی کی طرف راغب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مائیکروچپ ٹیکنالوجی پروڈکشن شروع کر کے پنجاب آئی ٹی بزنس ایکسپورٹ میں لیڈ لے گا جبکہ سلی کون ویلی بوسٹن کے اشراک سے پنجاب میں آئی ٹی کے شعبے کو بھی فروغ ملے گا۔